لاہور پولیس کا ایک اور فرزند فرض کی راہ میں جان قربان کرگیا

لاہور پولیس کا ایک اور فرزند فرض کی راہ میں جان قربان کرگیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عرفان ملک) لاہور پولیس کا ایک اور فرزند فرض کی راہ میں جان قربان کرگیا، ننکانہ صاحب اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کینٹ میں تعینات کانسٹیبل محمد اشرف کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں ادا کردی گئی۔

ترجمان انویسٹی گیشن پولیس کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف کینٹ کی ٹیم نے چوری شدہ گاڑیوں کی چیکنگ کے لئے منڈی فیض آباد میں ناکہ لگا رکھا تھا، اس دوران پولیس ٹیم نے ایک مشکوک گاڑی کو رُکنے کا اشارہ کیا تو نامعلوم افراد نے گاڑی بھگا دی، پولیس ٹیم نے تعاقب کیا تو گاڑی میں سوار افراد نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل محمد اشرف زخمی ہو گیا اور ہسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔

شہید محمد اشرف کی نماز جنازہ پولیس لائنز قلعہ گجرسنگھ میں ادا کردی گئی، جس  میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر، سی سی پی او لاہور ذوالفقارحمید، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی آپریشنز لاہوراشفاق احمد خان، ایس ایس پی آپریشن فیصل شہزاد، سی ٹی او لاہور سید حماد عابد، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ذیشان اصغراور ایس ایس پی ایڈمن لیاقت ملک نے شرکت کی، پولیس افسران نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

 

لاہور پولیس کےشہداء کی تعداد 316 ہو گئی ہے، شہید کانسٹیبل کا ایک چارماہ کا بیٹا ہے۔

واضح رہےکہ ہر سال کی طرح اس سال بھی 4 اگست کو ملک بھر میں یومِ شہدائے پولیس منایا گیا،جس کا مقصد شہدائے پولیس کی بے مثال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنا اور ان بہادر سپوتوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے پولیس فورس کی خدمات کے اعتراف میں چاروں صوبوں کے پولیس ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شہداء  کی قربانیوں کو یاد کیا گیا، یوم شہدا ئے پولیس کے موقع پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے یادگار شہداء پر حاضری دی, پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ 

Sughra Afzal

Content Writer