ویب ڈیسک: معدنی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کا مشن، 2 روزہ پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2025 کا آغاز ہوگیا۔
پاکستان منرلگ انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد 8 اور 9 اپریل کو اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں کیا جائے گا، فورم کے دوران تمام معزز مہمانان پاکستان بزنس کمیونٹی سے ملاقات کریں گے اور مختلف کاروباری امکانات پر مفاہمتی یادداشتوں پر دسخط کئے جائیں گے۔
فورم میں سعودی عرب، فن لینڈ، امریکا، یورپ اور دیگر ممالک کے وفود شریک ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کریں گے، اعلیٰ سطح کا امریکی وفد ایرک مائر کی سربراہی میں انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کرے گا، منرل انویسٹمنٹ فورم میں شرکت کیلئے غیر ملکی وفود کی آمد جاری ہے۔
سعودی گولڈ ریفائنری کے ڈپٹی چیئرمین فیصل سلیمان اسلام آباد پہنچ گئے، سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ عبدالسلام عبداللہ کی بھی وفد کے ہمراہ پہنچے۔
ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی ڈپٹی ڈائریکٹر اور چین جیولوجیکل سروے کا وفد اسلام آباد پہنچ چکا ہے، جبکہ فن لینڈ کی کمپنی ’’ میٹسو‘‘ کے وائس پریزیڈنٹ بھی وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں موجود ہیں۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام کیلئے معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگا، پاکستان اقتصادی ترقی کے نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، تمام معاشی اشاریے مثبت ہیں، عالمی ادارے بھی پاکستان کی معاشی ترقی کا اعتراف کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سونے اور تانبے کے بڑے ذخائر موجود ہیں، پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے، معدنی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے زیادہ سے زیادہ سرماری کاری درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا زیادہ تر حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، امید ہے کہ منرلز انویسٹمنٹ فورم سے معدنیات کے شعبے میں سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگی.