تین ہفتوں سے بند ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھولنے کے احکامات

تین ہفتوں سے بند ہسپتالوں کی او پی ڈیز کھولنے کے احکامات
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( زاہد چوہدری ) سپریم کورٹ کے حکم پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ خواب غفلت سے بیدار،  ٹیچنگ اور پرائیویٹ ہسپتالوں کے تین ہفتے سے بند آوٹ ڈور کل سے کھولنے کیلئے احکامات جاری کر دیئے۔

حالیہ کورونا وائرس کی وبا کے دوران تین ہفتے سے ٹیچنگ اور سرکاری ہسپتالوں سمیت پرائیویٹ ہسپتالوں کے آوٹ ڈورز بند ہونے سے معمول کے علاج معالجے کی بدترین بندش کا سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نوٹس لیتے ہوئے فوری علاج معالجہ بحال کرنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

  سپریم کورٹ کے حکم پر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ بھی خواب غفلت سے بیدار ہوگیا ہے اور تمام ٹیچنگ ہسپتالوں کے سربراہان کو ہدایت کی گئی ہے کہ کل سے او پی ڈیز کو کھول دیا جائے اور معمول کا علاج معالجہ بحال کیا جائے۔

 اس کے علاوہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھی ہدایت کی ہے کہ فوری طور پر پرائیویٹ ہسپتالوں کے آوٹ ڈور اور معمول کے کلینکس کو کھلوایا جائے۔

محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ او پی ڈیز میں کام کرنے والے ڈاکٹرز اور طبی عملے کو محفوظ بنانے کیلئے موثر اقدامات کو بھی یقینی بنایا جائے۔

پاکستان میں آج کورونا وائرس سے اب تک مزید 6 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 61 ہوگئی جبکہ مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4204 تک جا پہنچی ہے۔

 پنجاب میں  کورونا وائرس کے مزید 26 کیس سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 2030 ہو گئی ہے ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق سب سے زیادہ کیسز لاہور میں 340 ہیں جبکہ ننکانہ 13، قصور 9، شیخوپورہ 1، راولپنڈی 63، جہلم 30، اٹک 1، گوجرانوالہ 39، سیالکوٹ 19، نارووال 6، گجرات 98، حافظ آباد 6، منڈی بہاؤالدین 15، ملتان 4، وہاڑی 13، فیصل آباد 21، چینیوٹ 8، رحیم یار خان 3، سرگودھا6، میانوالی 10، خوشاب 1، بہاولنگر 9، بہاولپور 3، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک کنفرم مریض ہے۔