ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

گیس صارفین کو بڑا جھٹکا، ایل این جی کنکشنز کے بلوں میں ہوشربا اضافہ

گیس صارفین کو بڑا جھٹکا، ایل این جی کنکشنز کے بلوں میں ہوشربا اضافہ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے ایل این جی پر مبنی گھریلو گیس کنکشن استعمال کرنے والے صارفین کو بھاری بل موصول ہونے لگے ہیں، جس سے ہزاروں گھرانوں کے ماہانہ اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی سطح پر ایل این جی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گزشتہ ماہ درآمدی گیس کی قیمت 7 ہزار 200 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تک پہنچ گئی، جس کے تحت ایل این جی بنیاد پر فراہم کیے گئے گھریلو کنکشنز کی بلنگ کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں قیمتوں میں اضافے سے قبل ایسے صارفین کو تقریباً 3 ہزار 700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو کے حساب سے گیس فراہم کی جا رہی تھی، تاہم قیمتوں میں نمایاں اضافے کے بعد ان کے گیس بلوں میں بھی کئی گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے نتیجے میں عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ پیدا ہوا۔ قیمتوں میں مسلسل عدم استحکام کے باوجود گزشتہ ماہ کی مقررہ قیمت کو بنیاد بنا کر صارفین کے بل تیار کیے گئے، جس سے گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ منتقل ہوگیا۔

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ایل این جی کی بنیاد پر گھریلو صارفین کو گیس کنکشن فراہم کرنے کی اجازت دی تھی، جس کے بعد سوئی ناردرن نے بڑی تعداد میں صارفین کے گھروں میں ایل این جی پر مبنی میٹرز نصب کرکے نئے کنکشن فراہم کیے۔

عالمی مارکیٹ میں ایل این جی مہنگی ہونے کے اثرات براہ راست گھریلو صارفین کے گیس بلوں میں منتقل ہونے پر صارفین میں تشویش بڑھ گئی ہے، جبکہ بھاری بلوں نے ہزاروں گھرانوں کے ماہانہ بجٹ کو متاثر کرنا شروع کردیا ہے۔