( حسن علی ) شہر میں آٹے کی طلب کے مطابق فراہمی کا مسئلہ حل نہ ہوسکا، 10 کلو آٹے کا تھیلا نایاب ہوگیا جبکہ 20 کلو کا تھیلا طلب کے مطابق فراہم نہ کیا جاسکا۔
آٹے کی طلب کے مطابق فراہمی نہ ہونے سے شہری پریشان ہیں، بیشتر علاقوں میں دس کلو کا آٹے کا تھیلا دستیاب نہیں جبکہ بیس کلو آٹے کا تھیلا بھی طلب کے مطابق فراہم نہ کیا جاسکا۔ حکومت کی جانب سے لاہور کی فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ 17000 ٹن فراہم کیا جا رہا ہے۔ فلورملز ایک لاکھ تیس ہزار آٹے کے تھیلےشہر میں فراہم کررہی ہیں۔
شہر میں آٹے کے 20 کلو کے تھیلےکی طلب دو لاکھ پچاس ہزار ہے، جس کے باعث قلت کا سامنا ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر بھی آٹے کا 20 کلو کا تھیلا طلب کے مطابق فراہم نہیں کیا جا رہا جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا دستیاب ہی نہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر حکومت فلور ملز کے سرکاری گندم کے کوٹے میں اضافہ کرتی ہے تو طلب کے مطابق شہر میں آٹا فراہم کر دیا جائے گا۔