سٹی42: نہم جماعت کے طلبا کے لیے تعلیمی نصاب ذہنی دباؤ کا باعث بننے لگا، کتب کی مشکل زبان اور پیچیدہ مواد پر والدین، اساتذہ اور طلبا کی شکایات کے بعد صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے معاملے کا نوٹس لے لیا۔
وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ انہیں علم ہے کہ نہم جماعت کے سلیبس کی وجہ سے طلبا ذہنی تناؤ کا شکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ماہرینِ نصاب اور اساتذہ پر مشتمل ٹیم سلیبس کو آسان اور مختصر بنانے پر کام کر رہی ہے۔
رانا سکندر حیات نے یقین دہانی کروائی کہ جلد ہی طلبا کو نصاب میں کمی سے متعلق خوشخبری دی جائے گی۔
خیال رہے کہ نہم جماعت کی کتب کو لے کر عرصے سے طلبا، والدین اور اساتذہ کی جانب سے شکایات سامنے آ رہی تھیں، جن کا مؤقف ہے کہ موجودہ نصاب نہ صرف عمر کے لحاظ سے سخت ہے بلکہ اس سے طلبا کی کارکردگی اور ذہنی صحت بھی متاثر ہو رہی ہے۔
اساتذہ کا مطالبہ ہے کہ نصاب کو مرحلہ وار آسان بنایا جائے تاکہ طلبا مؤثر انداز میں سیکھ سکیں اور امتحانی دباؤ کم ہو۔