سٹی42: دنیا بھر میں فضائی آلودگی کے خطرناک اثرات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے سبب جنوبی ایشیا کے بڑے شہر مسلسل آلودگی کی زد میں ہیں۔ پاکستان کے بڑے شہر لاہور اور کراچی بھی فضائی آلودگی کے بحران سے شدید متاثر ہیں۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے جبکہ کراچی چوتھے نمبر پر آ گیا ہے، دونوں شہروں کی فضا انسانی صحت کے لیے مضر قرار دی گئی ہے۔
لاہور کا فضائی معیار ایک بار پھر خطرناک حد تک خراب ہوگیا ، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 291 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی، جو انسانی صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ماہرینِ ماحولیات کے مطابق شہر میں اسموگ کی شدت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو سانس، گلے اور آنکھوں کی بیماریوں کا سامنا ہے۔
محکمہ ماحولیات نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز اور ماسک کے استعمال کی ہدایت دی ہے۔
شہرِ قائد کا فضائی معیار خطرناک حد تک خراب ہو گیا ، ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کے مطابق کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چوتھے نمبر پر آگیا۔ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 227 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی، جو صحت کے لیے انتہائی مضر ہے۔ پاکستان کے اندر کراچی پانچویں آلودہ ترین شہر کے طور پر رپورٹ ہوا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موسم خشک اور گرم ہے، جبکہ صبح اور رات کے اوقات میں معمولی خنکی برقرار رہتی ہے۔ آج درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ شمال مشرقی سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔
ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ فضائی آلودگی سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور بلا ضرورت باہر نکلنے سے گریز کریں۔
دوسری جانب قبولہ شریف کی فضا اسموگ کے باعث شدید آلودہ ہو چکی ہے ، سیاہ دھواں چھوڑنے والے اینٹوں کے بھٹے، فیکٹریاں اور دیگر آلودگی کے ذرائع صورتحال کو مزید خراب کر رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ آلودہ فضا میں سانس لینے پر مجبور ہیں جبکہ مختلف سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔محکمہ ماحولیات کی جانب سے مؤثر کارروائی نہ ہونے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور اسموگ پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔