ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

نواز شریف سے بڑا ملک دشمن کوئی نہیں: عمران خان

نواز شریف سے بڑا ملک دشمن کوئی نہیں: عمران خان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف لندن سے فوج کوبغاوت پراْکسارہے ہیں، نوازشریف سے بڑاملک دشمن کوئی نہیں، یہاں ان کی بیٹی بھی یہی بات کررہی ہے، کوئی اورملک ہوتا تو ان کو جیل میں ڈالتے، سارے بڑے بڑے ڈاکواکٹھے ہوگئے ہیں۔اقتدارکیلئے این آراودینا ملک سے غداری ہوگی۔ 

سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کی بیٹی اس لیے بات کررہی ہے کہ ہم یہاں خواتین کا احترام کرتے ہیں اور وہ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس فوج کے خلاف زبان زبان استعمال کر رہی ہے جو روز قربانیاں دے رہے ہیں۔ 

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں اور این آر او مانگ رہے ہیں، یہ ایسا ہے کوئی آپ کے گھر پر ڈاکہ مار لے تو آپ کو قرض لینے پڑتے ہیں، وہ مقروض ڈاکوؤں کو پکڑتا ہے اور اپنا پیسہ مانگتا ہے لیکن وہ کہتے ہیں ہم قانون سے اوپر ہیں اور پیسے نہیں دیں گے۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نوازشریف کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایک لندن جاکر بیٹھ گیا ہے، وہ بیمار ہونے کی ایکٹنگ کررہا تھا جس پر ہمیں ترس آگیا، ہماری خواتین اسے دیکھ کررونا شروع ہوگئیں اور عدالتوں نے بھی کہا جانے دو۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس نے باہر جاکر پہلے کوشش کی کسی طرح این آر او مل جائے گا لیکن وہ جانتا ہے عمران خان این آر او نہیں دے گا پھر اس نے پاکستانی عدلیہ اور فوج پر حملوں کا کھیل شروع کردیا، اپنا پیسہ بچانے کے لیے لندن میں بیٹھ کر فوج کو بغاوت کرنے کا کہہ رہا ہے، اس سے زیادہ بڑا ملک کا دشمن کون ہوسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز اور زرداری ایک دوسرے کو 30 سال سے کرپٹ کہہ رہے ہیں، ان دونوں نے ہی ایک دوسرے پر کیس کیے اب اکٹھے ہو کر مجھ سے این آر او مانگ رہے ہیں لیکن سمجھتا ہوں کہ جس دن ڈاکوؤں کو این آر او دیا اس دن ملک سے سب سے بڑی غداری کروں گا۔

 اس سے قبل حسن ابدال ریلوے اسٹیشن اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئے پاکستان کے سفر میں ریلوے کا بہت اہم مقام ہے کیونکہ دنیا بھر میں ٹرین سستے اور آرام دہ سفر کا ذریعہ ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بد قسمتی سے ہم نے انگریز کے دیے گئے ریلوے نظام کو ترقی نہیں دی، ریلوے اہمیت اس لیے رکھتی ہے کہ یہ عام اور غریب آدمی کی سواری ہے،  ریلوے معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا، ایم ایل ون سے پاکستان میں پہلی بار ریلوے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری آ رہی ہے، ایم ایل ون سے کراچی سے لاہور کا سفر7 گھنٹے ہو جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ خواہش ہے پاکستان ایسا ملک بنے جسے کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلانے پڑیں، اور ایم ایل ون خود انحصاری کی جانب اہم قدم ہو گا۔انہوں نے کہا کہ نئے پاکستان میں تمام مذہب کے لوگ برابر ہیں، ہماری کوشش تھی کہ سکھ برادری کے لیے آسانیاں پیدا ہوں، حسن ابدال ریلوے اسٹیشن سے سکھ برادری کو بہت سہولت ملے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سیاحت کو بہتر بنانے کے لیے ہمیں ہر طرح کی سہولیات دینی ہے اور ہم اگر صرف سیاحت کو بہتر بنا لیں تو کسی سے قرضہ مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

Sughra Afzal

Content Writer