ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کمشنر لاہور کی ایوان صنعت آمد، تاجروں نے شکایات کے انبار لگا دئیے

کمشنر لاہور کی ایوان صنعت آمد، تاجروں نے شکایات کے انبار لگا دئیے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( علی حسن ) کمشنر لاہور آصف بلال لودھی کی لاہور ایوان صنعت و تجارت آمد، لاہور ایوان صنعت و تجارت کے عہدیداروں اور تاجروں نے شکایات کے انبار لگا دئیے۔

لاہور ایوان صنعت و تجارت کے دورے کے موقع پر کمشنر لاہور آصف بلال لودھی نے لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام، نائب صدر میاں زاہد جاوید سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان ٹریڈرز الائنس کے صدر میاں محمد علی، پیر ناظم حسین شاہ، وقار احمد میاں، ذیشان سہیل ملک، اشرف بھٹی، سہیل سرفراز منج سمیت شہربھر کے تاجروں نے شرکت کی۔

 تاجروں اور صنعتکاروں نے کمشنر لاہور کے آگے شکایات کے انبار لگا دئیے۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں تجاوزات اور پارکنگ کے مسائل سنگین ہو رہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدرعرفان اقبال شیخ کا کہنا تھا کہ لاہور کی مارکیٹوں اور بازاروں میں سب سے اہم مسئلہ پارکنگ کا ہے جبکہ گذشتہ حکومت میں لاہور کی اٹھارہ مارکیٹوں اور بازاروں میں پارکنگ پلازے بنائے جانے تھے لیکن ابھی تک ایسا کچھ نہیں ہو سکا۔ صدر لاہور چیمبر کا کہنا تھا کہ لاہورڈویژن کے محکموں میں لاہور چیمبر کے نمائندوں کو شامل کیا جائے تاکہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل حل ہو سکیں۔

کمشنر لاہور آصف بلال لودھی کا کہنا تھا کہ پارکنگ کا مسئلہ سنگین شکل اختیار کر چکا ہے اور اس سے نمٹنے کے لئے لاہور چیمبر اور تاجر برادری کے ساتھ مل کر حل نکالیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں اور بازاروں میں بہتری کے لئے لاہور ڈویژن کے افسران کے ساتھ مل کر تاجروں کی کمیٹیاں بنائی جائیں گی۔

تاجروں کا کہنا تھا کہ اگر ان کے بنیادی مسائل حل نہ کئے گئے تو وہ احتجاج کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں کیونکہ ان کو جن مسائل کا سامنا ہے اس سے ان کا کاروبار متاثر ہو رہا ہے۔