وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے تصدیق کی ہے کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں کے بعد پاک فضائیہ نے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے۔
منگل اور بدھ کی درمیانی رات بھارت کی پاکستان مینں تین مسجدوں اور سویلین مقامات پر 24 حملوں کے ردعمل میں پاکستان آرمی کی جوابی کارروائیوں کے بعد وزیر دفاع خواجہ آصف نے امریکی جریدے بلوم برگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کر لی ہے۔
خواجہ آصف نے بتایا کہ پاک فضائیہ نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے۔
اس سے پہلے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر جنرل ( ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے بزدلانہ حملے کی تفصیلات بتائیں کہ بھارتی حملے میں 8 پاکستانی شہید، 35 زخمی ہوئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آج رات بزدل بھارت نے پاکستان پر بلااشتعال جارحیت کی، پاکستان میں 6 مقامات پر بھارت کی جانب سے 24 حملے ہوئےجس میں 8 پاکستانی شہید ہوئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے جس میں معصوم بچی شامل ہے۔