(زاہد چوہدری) کورونا وائرس کاپھیلاؤجاری ہے، شہر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 3 ہزار 449 ہوگئی، پنجاب میں کورونا کے 504 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے کل تعداد 9195 تک جاپہنچی، کورونا وائرس سے اب تک 182 اموات ہوچکیں ہیں،22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ 3201 صحت یاب بھی ہوئے ، اب تک ایک لاکھ 12 ہزار 7 ٹیسٹ کیے جا چکےہیں۔
ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے 504 نئے کیس رپورٹ ہونے سےمریضوں کی تعداد 9195 ہو گئی ہے۔ 768 زائرین سنٹرز، 1926 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 6415 عام شہریوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔شہروں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 3449 مصدقہ مریض ہیں۔ کورونا وائرس سے اب تک 182شہری جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 3201 افراد صحت یاب ہوئے جبکہ 22 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اب تک 112007افرادکےٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب بھر میں 65 پولیس ملازمین کورونا کا شکار ہوگئے جبکہ 74 اہلکاروں کو قرنطینہ سنٹرز منتقل کردیا گیا، لاہور سمیت صوبہ بھرمیں اب تک 3600 پولیس افسران اوراہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا، نتائج میں 815 پولیس افسر واہلکاروں کی رپورٹ نیگیٹو آئی ہے اور 2 ہزار 721 کی رپورٹس کا انتظار ہے، جبکہ 43 اہلکار صحت یاب ہوچکے ہیں، لاہور میں 207 افسر اور اہلکاورں کے ٹیسٹ کرائے گئے جس میں 28 جوانوں میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، 35 جوان قرنطینہ منتقل جبکہ 12 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ حفاظتی تدابیر اختیار کرکے خود کو محفوظ بنائیں، بیرون ممالک سے آئے افراد میں آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہوں تو 1033 پر رابطہ کریں۔
یاد رہے کہ 24 مارچ سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاہور میں آج لاک ڈاؤن کا 45 واں روز ہے، تمام شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ، ریلوے کا پہیہ جام ہے، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔