ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ٹیوٹا کے تاریخی ادارے جی ڈبلیو ایف آئی شاہدرہ کی بحالی کا آغاز

ٹیوٹا کے تاریخی ادارے جی ڈبلیو ایف آئی شاہدرہ کی بحالی کا آغاز
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جنید ریاض: ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) کے تاریخی ادارے گورنمنٹ ویوننگ اینڈ فنشنگ انسٹیٹیوٹ (جی ڈبلیو ایف آئی) شاہدرہ کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔

اس موقع پر چیئرمین ٹیوٹا محمد ساجد کھوکھر نے اختر عباس بھروانہ کے ہمراہ ادارے کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔

حکام کے مطابق گورنمنٹ ویوننگ اینڈ فنشنگ انسٹیٹیوٹ شاہدرہ 1928 میں قائم کیا گیا تھا اور یہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں مہارت فراہم کرنے والا ایک تاریخی ادارہ رہا ہے۔

چیئرمین ٹیوٹا محمد ساجد کھوکھر کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر میں جدت اور جدید ٹیکنالوجی آنے کے بعد ادارے کو اپ گریڈ کرنے کی اشد ضرورت تھی، جس کے پیش نظر اس کی بحالی کا منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس مقام کو جدید تقاضوں کے مطابق شاہدرہ اسکل کمپلیکس میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو جدید فنی مہارتیں سکھائی جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ سال اسی ادارے میں تین سینٹر آف ایکسیلنس بھی قائم کیے جائیں گے۔

چیئرمین ٹیوٹا کے مطابق چین کے تعاون سے بھی یہاں ایک سینٹر آف ایکسیلنس قائم کیا جائے گا تاکہ جدید ٹیکنالوجی اور مہارتوں کی تربیت فراہم کی جا سکے۔

محمد ساجد کھوکھر نے کہا کہ فنی تعلیم کے اداروں کا صنعتوں کے ساتھ ہم آہنگ ہونا بے حد ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چین میں اسکل کے ادارے براہ راست انڈسٹری کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں، جس کی بدولت وہاں ہنر مند افرادی قوت تیار ہوتی ہے اور صنعت کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی ماڈل کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیوٹا کے اداروں کو بھی صنعتوں کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔