علی ساہی: محکمہ ایکسائز نے آن لائن نیلامی میں فروخت نہ ہونے والے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے نمبر دوبارہ نیلام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں ای آکشن کے دوران نیلام نہ ہونے والے 46 ہزار 600 نمبرز دوبارہ فروخت کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ایکسائز حکام کے مطابق لیفٹ اوور نمبرز کے نئے ریٹس بھی مختص کر دیے گئے ہیں۔ اب تک گاڑیوں کے 10 ہزار 400 نمبرز لیفٹ اوور ہوئے ہیں جبکہ موٹر سائیکلوں کے 33 ہزار 300 اور کمرشل گاڑیوں کے 3 ہزار نمبرز فروخت نہ ہو سکے۔
حکام کے مطابق گاڑیوں کی ای آکشن میں 1782 سیریز کے 99 ہزار 900 نمبرز فروخت کیے گئے جن سے ساڑھے 55 کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل ہوا۔ اسی طرح موٹر سائیکلوں کی 2029 نیلامیوں میں 2 لاکھ 33 ہزار نمبرز فروخت کر کے تقریباً پونے 18 کروڑ روپے کی وصولیاں کی گئیں۔
کمرشل گاڑیوں کی 69 سیریز کے 2900 نمبرز نیلام کر کے 42 لاکھ روپے سے زائد آمدنی حاصل ہوئی۔ حکام کے مطابق لیفٹ اوور نمبرز کی دوبارہ فروخت کے لیے بھیجی گئی سمری کو کابینہ کمیٹی نے منظوری دے دی ہے جبکہ کابینہ کی حتمی منظوری کے بعد اس فیصلے پر عملدرآمد شروع کر دیا جائے گا۔
ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ لیفٹ اوور نمبرز کی دوبارہ فروخت سے حکومت کو کروڑوں روپے کی مزید آمدنی حاصل ہونے کی توقع ہے۔