سٹی42: پاکستان تحریک انصاف کے ریاست کے خلاف پروپیگنڈا میں ملوث لیڈراور سوشل میڈیا ٹیم وفاقی جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم جے آئی ٹی کی تفتیش کے لئے پیش ہو گئی۔ جوائنٹ انویسٹیگیشن ٹیم نے ہر ملزم سے فرداً فرداً تفتیش کی اور اس امر کا تعین کیا کہ آیا جو ریاست مخالف مواد ان کے نام سے سوشل میڈیا میں بنے اکاؤنٹس سے پوسٹ کیا گیا ، وہ خود ہی ان اکاؤنٹس کو چلا رہے ہیں۔ یہ بات سامنے آئی کہ صرف بانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایسے ہیں جنہیں وہ خود نہیں چلا رہے بلکہ پاکستان سے باہر موجود افراد چلا رہے ہیں۔
بیرسٹر گوہر ، رؤف حسن اور شاہ فرمان جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رہنما بانی کے ٹویٹر (ایکس) ہینڈل سے مسلسل کئے جا رہے ٹوئٹس اور جے آئی ٹی کے سوالات کے متعلق اپنے بانی سے اڈیالہ جیل جا کر مشورہ کریں گے۔
سوشل میڈیا پر ریاست کے خلاف پروپیگنڈا مسلسل پوسٹ کرنے کے الزام میں وفاقی حکومت کی جے آئی ٹی نے "پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم" کے 10 کارندوں کو بھی آج دوپہر 12 بجے انٹیروگیشن کے لئے آنے کے نوٹس جاری کیے تھے۔
آئی جی اسلام آباد کی سربراہی میں تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی الیکٹرانک جرائم کی روک تھام ایکٹ 2016 کے سیکشن 30 کے تحت تشکیل دی گئی تھی، جے آئی ٹی کی موجودہ انویسٹیگیشن میں ریاست کے خلاف اپنے جھوٹے پروپیگندا کی کوئی توجیہہ پیش کرنے مین ناکام رہنے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق مقدمات بنا کر مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔