ملک اشرف : پیمرا نے بانی پی ٹی آئی کی تقاریر اور بیانات نشر نہ کرنے کیخلاف درخواست پر اعتراض اُٹھا دیا، اور اسے ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرنے کی استدعا کی ، ہائیکورٹ نے درخواستگزاروں کے وکلاء کو درخواست کے قابل سماعت ہونے کے متعلق آئندہ سماعت پر دلائل دینے کی ہدایت کی ہے ۔
جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی ،جس میں تقاریر اور بیانات نشر نہ کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا ہے۔ سماعت کے دوران پیمرا کے وکیل شہاب قطب نے ترمیمی قانون پیش کر دیا اور یہ نکتہ اُٹھایا کہ پیمرا کے نئے قانون کے تحت پیمرا نے جہاں سے کوئی آرڈر جاری کیا ہوا ہو، اسی علاقہ میں اس کیخلاف اپیل دائر ہوسکتی ہے ، یہ آرڈر چیئرمین پیمرا نے اسلام آباد سے جاری ہوا ہے،اس لئے ہائیکورٹ میں یہ درخواستیں قابل سماعت نہیں،، تین رکنی فل بنچ نے وکلا کو آئندہ سماعت پر بحث کرنے کی ہدایت کر دی۔ بانی پی ٹی آئی کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی ملک کی ایک بڑی جماعت کے سربراہ ہیں۔ ان کی ٹی وی چینلز پر تقاریر اور بیانات نشر نہیں کئے جا رہے۔