سٹی42: میو ہسپتال کے بچہ وارڈ کے الیکٹرک بورڈ میں آگ لگ گئی، امدادی ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا۔
تفصیلات کے مطابق آتشزدگی کا یہ واقعہ میو ہسپتال کے بچہ وارڈ میں پیش آیا۔ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ آگ معمولی نوعیت کی تھی، شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ادھر رام پورہ کے علاقے میں ہائی وولٹیج تاریں گرنے کے باعث حادثہ پیش آگیا ۔ متاثرہ شہری محمد رشید کہنا تھا کہ وہ اپنی بھینسوں کو گھر لیجا رہا تھا کہ بجلی کی ٹوٹی ہوئی تار کے ساتھ لگ کر چھ لاکھ مالیت کی دو بھینسیں موقع پر ہی مر گئیں۔ شہری کا کہنا تھا کہ اسکے پاس چار بھینسیں ہیں،گھر کا گزر بسر بھینسوں کا دودھ بیچ کر ہی کرتا تھا۔
اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ حادثہ لیسکو حکام کی غفلت کے باعث پیش آیا۔ اگر ہائی وولٹیج تاروں کو بروقت مرمت کیا جاتا تو یہ حادثہ پیش نہ آتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں بجلی کی تاروں کی مرمت کا کام بہتر کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی ایسا افسوسناک حادثہ نہ ہوسکے۔