وقاص احمد: نشتر کالونی کے علاقے میں جعلی پولیس اہلکار اصلی پولیس کے ہتھے چڑھ گیا۔ ادھر لوہاری گیٹ پولیس نے کاروائی کرکے دو منشیات فروش گرفتار کر لیے ہیں۔
ایس ایچ او نشتر کالونی کے مطابق حسنین عباس نامی شہری پولیس وردی میں ٹک ٹاک بناتا تھا اور لوگوں کو بلیک میل کرتا تھا۔ ملزم کے قبضہ سے پولیس وردی کے علاوہ پسٹل اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں۔ انچارج چوکی سبزی منڈی علی نقی کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل ڈولفن سکواڈ نے ریونیو سوسائٹی میں کارروائی کرتے ہوئے 2 جعلی پولیس اہلکار گرفتار کر لئے۔ سنیپ چیکنگ پر جعلی اہلکاروں نے ڈولفن ٹیم سے شدید مزاحمت کی اور ملزمان نے اہلکاروں سے ہاتھا پائی کرتے ہوئے سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔
ڈولفن اہلکاروں نے ملزمان کے قبضہ سے حساس اداروں کے علاوہ پولیس کی شرٹس قبضہ میں لے لیں اور دونوں ملزمان کو جوہر ٹاؤن پولیس کے حوالے کر دیا۔ ملزمان سلمان و سہیل کا تعلق حافظ آباد سے ہے جن کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ادھر لوہاری گیٹ پولیس نے کاروائی کرکے دو منشیات فروش گرفتار کر لیے ہیں۔ پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی کہ لوہاری کے علاقے میں منشیات فروشی کا کاروبار کیا جارہا ہے، جس پر پولیس نے مخبر کی اطلاع پر چھاپا مار کر ملزم عقیل اور شعیب کو گرفتار کر لیا۔
ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں چرس اور دیسی شراب برآمد کی گئی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزموں کے خلاف منشیات فروشی کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔