سٹی 42: خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے کوئٹہ میں ڈاکٹر ماہنور ناصر پر تیزاب حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں خاتونِ اول نے کہا کہ خواتین کے خلاف تشدد کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور اس گھناؤنے جرم میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جانی چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹر ماہنور ناصر اور تیزاب حملے میں زخمی ہونے والے وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
آصفہ بھٹو زرداری نے وارڈ بوائے عبدالرزاق ترکئی کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر ڈاکٹر ماہنور کی جان بچانے کی کوشش کی، جو غیرمعمولی جرات اور انسان دوستی کی مثال ہے۔
خاتونِ اول نے عبدالرزاق ترکئی کی بہادری کے اعتراف میں انہیں اعلیٰ سول اعزاز دینے کی سفارش بھی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ عبدالرزاق ترکئی پوری قوم کے لیے انسانیت، فرض شناسی اور بہادری کی روشن مثال ہیں۔
انہوں نے ڈاکٹر ماہنور ناصر اور عبدالرزاق ترکئی کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ ایسے انسانیت سوز واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات ناگزیر ہیں کیونکہ معاشرے میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیے۔