سعید احمد:اوپن مارکیٹ میں نجی کمپنیوں کے آٹے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی کمپنیوں کا آٹا 180 سے 200 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ 5 کلو آٹے کا پیکٹ 900 سے 1000 روپے میں دستیاب ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق نجی کمپنیوں نے فی من آٹے کی قیمت 7200 سے 8000 روپے تک مقرر کر رکھی ہے۔ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں گندم 4000 روپے فی من تک فروخت ہو رہی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گندم کی قیمت کے مقابلے میں آٹے کی قیمتیں دوگنی ہونے سے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ عوام نے الزام عائد کیا ہے کہ منافع خور عناصر کھلے عام قیمتوں میں اضافہ کر رہے ہیں جبکہ کوئی مؤثر چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں۔
شہریوں اور صارفین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے اور ناجائز منافع خوری روکنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔