افشاں رضوان: اوپن مارکیٹ میں برائلر گوشت سرکاری نرخ پر فروخت نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ مارکیٹ میں قیمتیں سرکاری ریٹ سے 20 سے 70 روپے فی کلو تک زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق برائلر گوشت کی سرکاری قیمت 424 روپے فی کلو مقرر ہے، تاہم مختلف علاقوں میں یہ 500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ اسی طرح انڈوں کی سرکاری قیمت 239 روپے فی درجن ہے، جبکہ مارکیٹ میں یہ 245 روپے فی درجن تک فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ عوام نے شکایت کی ہے کہ سرکاری نرخنامے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔
شہریوں نے متعلقہ انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔