افشاں رضوان: تعطیل کے روز شہریوں کی بڑی تعداد نے شہر بھر کے مشہور ناشتہ پوائنٹس کا رخ کر لیا، جہاں روایتی دیسی ناشتے اور خوشگوار ماحول نے رونقیں بڑھا دیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں قائم ناشتہ مراکز پر صبح سویرے ہی رش دیکھنے میں آیا۔ ٹاؤن شپ، لبرٹی اور انارکلی فوڈ اسٹریٹ سمیت متعدد مقامات پر شہری اپنے دوستوں اور اہلِ خانہ کے ہمراہ ناشتے سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
دیسی ناشتے کے ساتھ بعض مقامات پر لائیو میوزک کا بھی اہتمام کیا گیا، جس نے شہریوں کی تفریح میں مزید اضافہ کر دیا۔ ناشتہ پوائنٹس پر نہاری کی خوشبو اور روایتی پکوانوں کی مہک نے ماحول کو خوشگوار بنائے رکھا۔
لاہوریوں نے نان چنے، حلوہ پوری، نہاری، پائے اور دیگر روایتی پکوانوں کے ساتھ ٹھنڈی لسی کا بھرپور لطف اٹھایا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ مصروف زندگی میں چھٹی کا دن اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ گزارنے اور پسندیدہ دیسی ناشتے سے لطف اندوز ہونے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
ناشتہ پوائنٹس پر غیر معمولی رش کے باعث کاروباری حلقوں میں بھی خوشی کی لہر دیکھی گئی، جبکہ فوڈ اسٹریٹس اور معروف ناشتہ مراکز دن بھر آباد رہے۔