(مانیٹرنگ ڈیسک) قومی ائیر لائن کی گوادر سے کراچی آنے والی پرواز حادثے سے بال بال بچ گئی، پائلٹ نے بڑی مہارت سے پھٹے ہوئےٹائرکے ساتھ جناح ٹرمینل پر لینڈنگ کی۔
ذرائع کے مطابق رجسٹریشن نمبر AP- BKK کے حامل قومی ائیر لائن کے اے ٹی آر طیارے کے ٹائر کے ٹکڑے مبینہ طور پر گوادر ائیرپورٹ رن وے سے ملے تھے،60 افراد کے ساتھ کراچی ائیرپورٹ پر پائلٹ نے بائیں طرف کے پھٹے ٹائر کے ساتھ نہ صرف طیارے کو جناح ٹرمینل پر اتارا بلکہ بعدازاں ٹیکسی کرتے ہوِئے جہاز کو بے پر بھی لگایا۔
ائیر لائن انتظامیہ کی جانب سے ٹائر ناکارہ ہونے کے باعث متاثرہ طیارے کی کراچی سے سکھر کے لئےجانے والی پرواز نمبر پی کے536 کو منسوخ کردیا گیا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، گوادر سے ٹیک آف کے وقت چیکنگ کے دوران ٹائر میں کوئی مسئلہ نہیں تھا،کپتان نے جناح ٹرمینل پر لینڈنگ بھی معمول کے مطابق ہموار طریقے سے کی۔