جیل روڈ (زاہد چودھری، ملک اشرف، وقاص احمد) لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد لاہور میں کورونا وائرس کے حملوں میں تیزی آگئی، لاہور میں کورونا سے مزید 10 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 247 ہو گئی جبکہ 1082 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 17411 تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب بھر میں مزید 30 افراد کورونا وائرس سے جاں بحق ہوئے جس کے بعد مجموعی اموات 659 ہو گئیں، 2 ہزار 164 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد کورونا کے کنفرم مریضوں کی تعداد 35 ہزار 308 ہوگئی، 8 ہزار افراد صحت یاب ہو گئے۔ انتہائی نگہداشت وارڈ میں 97، وینٹی لیٹر پر 69 مریض زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں، سرکاری اور نجی ہسپتالوں میں 617 زیر علاج ہیں۔
سروسز ہسپتال کے شعبہ اینڈوکرینالوجی کی سربراہ ڈاکٹر خدیجہ عرفان کا جواں سالہ بیٹا امریکا میں انتقال کر گیا، 23 سالہ طلحہ عرفان خواجہ ہارورڈ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے طالبعلم تھا، طلحہ عرفان خواجہ یونیورسٹی آف شکاگو سے آسٹروفزکس میں ماسٹرز کرنے کے بعد ان دنوں ہارورڈ یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی کے طالبعلم تھے۔ طلحہ عرفان خواجہ کی میت وطن واپس لانے کیلئے شکاگو میں پاکستانی قونصلیٹ سے رابطہ کر لیا گیا۔
ایڈووکیٹ ملک احمد علی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، مرحوم کی عمر 45 سال تھی، کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے، مرحوم کی نماز جنازہ تاج پورہ سکیم میں ادا کی گئی۔
علاوہ ازیں چوکی انچارج گلدشت ٹاؤن سب انسپکٹر عابد مختار بھی انتقال کر گئے، پولیس کے مطابق چوکی انچارج گلدشت ٹاون عابد مختار کو طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال منتقل کیا مگر جانبر نہ ہوسکے، عابد مختار گزشتہ چند روز سے طبیعت خراب ہونے کے باعث میڈیکل ریسٹ پر تھے۔
عابد مختار کی موت کورونا وائرس سے ہوئی یا نہیں، رپورٹ آنے کے بعد پتہ چلے گا، عابد مختار ڈی ایس پی سکیورٹی لاہور زاہد مختار کے بھائی تھے۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کے پانچ ملازمین بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
دوسری جانب کورونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظرایس او پیز پر عملدر آمد کرانے کیلئے فوج اور رینجرز کی مدد حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے، وفاق اورپنجاب نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے سخت سے سخت اقدامات کرنے پر اتفاق کرلیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کو جرمانوں کے ساتھ اخلاقی سزائیں دینے کی بھی تجویز دی گئی ہے،وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت کو ایس او پیز پر عملدرآمد کر انے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایات کر دی ہیں۔