انور عباس: پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا چھٹا دور اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کے مختلف شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا اور تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری (یورپ) ایمبیسیڈر عائشہ علی نے، جبکہ بلغاریہ کے وفد کی سربراہی ڈائریکٹر جنرل پیٹکو دوئیکوف نے کی۔
مذاکرات کے دوران سیاسی روابط، تجارت و معیشت، دفاع، ثقافت، تعلیم اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک نے ان شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی خیالات کا تبادلہ کیا اور کثیرالجہتی فورمز پر باہمی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق مشاورتی اجلاس خوشگوار اور تعمیری ماحول میں منعقد ہوا۔
ترجمان کے مطابق بلغاریہ کے وفد کے سربراہ نے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ سے بھی ملاقات کی، جس میں سیکرٹری خارجہ نے خطے کی صورتحال پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔ ملاقات میں امریکہ-ایران تنازع کے تناظر میں پاکستان کے سفارتی اور ثالثی کردار سے بھی آگاہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت کا گزشتہ دور 11 اپریل 2023 کو بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ میں منعقد ہوا تھا۔