(فخر امام) ہربنس پورہ کے علاقے عامر ٹائون میں موبائل فون کی دکان پرڈکیتی کی واردات ہوئی، ڈاکو 2 لاکھ سے زائد مالیت کا سامان لے گئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں لرزہ خیز وارداتوں کا ہونا معمول بن چکا ہے،خواتین، بچے،بوڑھے اور مرد گلی محلوں میں بھی محفوظ نہیں، آئے روز چوری وڈکیتی کے واقعات نے شہریوں میں خوف وہراس پھیلا دیا ہے جس کی دہشت سے معاملات زندگی بھی شدید متاثر ہے۔ چوری، ڈکیتی،رہزانی جیسی وارداتوں کا ہونا معمول کا حصہ بن چکا ہے۔
ہربنس پورہ کے علاقے عامر ٹائون میں موبائل فون کی دکان پرڈکیتی کی واردات میں ڈاکو 2 لاکھ سے زائد مالیت کا سامان لے اُڑے، متاثرہ شہری علی زیب کے مطابق2 موٹرسائیکلوں پر سوار 5 مسلح ڈاکو وں نے واردات کی ،تین ڈاکو اچانک دکان میں گھس آئے جبکہ دو باہر کھڑے رہے۔ ڈاکو دکان سے 2 لاکھ مالیت کے لیپ ٹاپ، موبائل فونز، موبائل اسیسریزاور نقدی لوٹ کر لے گئے۔
متاثرہ شہری کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے تاحال ڈکیتی کا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سٹی فورٹی ٹو نے حاصل کر لی،فوٹیج میں ملزمان کو واردات کرتے واضع دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب شہرمیں لگے سی سی ٹی وی کیمرے فیس ماسک پہنے ڈاکوؤں کی شناخت نہیں کر پا رہے جس کا فائدہ ڈاکوؤں کو براہ راست پہنچ رہا ہے اور پولیس ریکارڈ کے مطابق یکم مارچ سے یکم جون تک شہر میں ڈکیتی کی چھ سو تیس وارداتیں ہوئیں جس میں چارسو سے زائد وارداتوں میں ڈاکوؤں نے فیس ماسک کا استعمال کیا۔
سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ فیس ماسک سے شناخت کا عمل مشکل ہوا ہے لیکن دیگرطریقوں سے ملزموں کی گرفتاری کا عمل جاری ہے، لاہورپولیس کے دعوے اپنی جگہ لیکن شہر میں لاک ڈاؤن اور مالی بحران کے باعث جرائم پیشہ افراد کی کارروائیوں میں اضافہ ہوا ہے۔