(ملک اشرف) وکلاء کے لئے اہم خبر آگئی، لاہور ہائیکورٹ بار نے جعلی وکلاء کے خلاف مقدمات درج کرنے اور اصلی وکلاء کے لئے ہاﺅسنگ سوسائٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
سٹی 42 کے مطابق لاہور ہائیکورٹ بار نے 9 جولائی بروز پیر ساڑھے گیارہ بجے جنرل ہاﺅس کا اہم اجلاس طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے کراچی شہداء ہال میں ہونے والے جنرل ہاؤس اجلاس میں جعلی وکلاء کے خلاف مقدمات اور لاہور ہائیکورٹ بار کے وکلاء کیلئے ہاﺅسنگ سوسائٹی کے قیام بارے حتمی منظوری لی جائے گی۔
لاہور ہائیکورٹ کے صدر کی زیرصدارت کیانی ہال میں ہونے والے اجلاس میں وکلاء کو بھر پور شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے رولز اور انتخابی اصلاحات بارے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اجلاس میں الیکٹورل ریفارمز کمیٹی کی مرتب کردہ سفارشات پر بھی غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب بار کونسل کے جعلی لائسنس پر حاصل کی گئی، ممبر شپ کی منسوخی اور متعلقہ جعلی وکلاء کےخلاف مقامی تھانوں میں مقدمات درج کروانے بارے بھی تبادلہ خیال ہوگا۔