وسیم احمد : گھڑ سواری کے شعبے میں پاکستان نے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ پاکستان کے عثمان خان انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن (FEI) کی تازہ رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر آ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن کی جانب سے مڈل ایسٹ اور افریقہ زون کی نئی رینکنگ جاری کی گئی ہے، جس کے مطابق عثمان خان ایک بار پھر افریقہ زون میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ نئی رینکنگ میں پاکستان نے مڈل ایسٹ اور افریقہ زون میں پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل ایکویسٹرین فیڈریشن کی رینکنگ میں مجموعی طور پر 6 ایونٹنگ زونز شامل ہیں، جبکہ انہی زونز کی رینکنگ کی بنیاد پر عالمی چیمپئن شپ کی درجہ بندی کا فیصلہ کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ عثمان خان اس سے قبل بھی 2019 سے 2021 تک مسلسل نمبر ون پوزیشن پر فائز رہ چکے ہیں۔ ان کی حالیہ کامیابی کو پاکستان میں گھڑ سواری کے کھیل کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس پر کھیلوں کے حلقوں کی جانب سے خوشی اور فخر کا اظہار کیا جا رہا ہے۔