سٹی42: لاہور پولیس کے 66 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی، ترقی کے لیے محکمانہ پرموشن بورڈ ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں ایس ایس پی ڈسپلن عاطف نذیر اور ایس پی ہیڈ کوارٹرز منزہ کرامت نے بھی شرکت کی۔
بورڈ کے فیصلے کے مطابق سی ون کے 61 اور سی ٹو کے 5 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ ترقی پانے والے اہلکاروں کا تعلق آپریشنز، انویسٹی گیشن، سکیورٹی ڈویژن اور دیگر اہم یونٹس سے ہے۔
سی ون میں دل نواز امین، شہزاد علی، اصغر علی، حسن عطا اور محمد خاور جبکہ خالد پرویز، محمد مبشر اور خالد محسن کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دی گئی۔ سی ٹو میں احمد خان، محمد الیاس، لیاقت اور احمد حسن کو ترقی دی گئی۔
سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے نئے عہدوں کی ذمہ داریاں فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پانے والے پولیس ملازمین شہریوں کو انصاف کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کریں اور نئے عہدوں کے چیلنجز جوش و جذبے سے نبھائیں۔