سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے نئے قذافی اسٹیڈیم کا افتتاح کردیا ۔
چیئرمین پی سی بی کے چئیرمین اور نئے قذافی سٹیڈیم کے معمار محسن نقوی افتتاحی تقریب کا شہ بالا تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز بھی افتتاحی تقریب میں شریک تھیں جن کی انتظامیہ نے نئے سٹیڈیم کی تعمیر 171 دن میں مکمل کرنے کے لئے محسن نقوی کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔
پی سی بی کے چئیرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ قذافی اسٹیڈیم تزئین و آرائش کےلیے مزدوروں نے دن رات کام کیا، پاک فوج کی مدد کے بغیر ریکارڈ مدت میں اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن ممکن نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اسٹیڈیم کی تعمیر نو میں بھر پور تعاون کیا ۔
محسن نقوی نے کہا کہ چمپئن ٹرافی سے قبل اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا ہدف پورا کیا گیا ، مزدورں نے منصوبے پر کام کیا، بہت سے مزدور ایسے تھے جو تین ، تین ماہ سے گھر نہیں گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل میں پنجاب حکومت کا تعاون نہ ہوتا تو اطراف میں کھنڈر نظر آتا ، مشکل وقت میں پاک فوج ایک بار پھر ہمارے کام آئی، سال بعد پاکستان میں بڑا ٹورنامنٹ ہونے جارہا ہے ۔
لاہور میں منعقدہ تقریب میں قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق، صوبائی اور وفاقی وزرا، کرکٹرز ، کرکٹ کے مداحوں اور عام شہریوں نے شرکت کی۔ قذافی اسٹیڈیم میں ایل ای ڈی لائٹس کے نئے ٹاورز لگائے گئے ہیں اور اسٹیڈیم میں تمام انکلوژرز میں نئی کرسیاں لگائی گئیں ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم میں دو جدید اسکرینز نصب کی گئی ہیں اور قذافی اسٹیڈیم کی تعمیر نو کا کام 117 دنوں کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کی تعمیرنو بہت ہی شاندارطریقے سے مکمل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی قیادت میں 117 دنوں میں ناممکن کام کو ممکن بنایا گیا، محسن نقوی کی عادت ہے جو اچھے کام کرتے ہیں ان کو لندن کی سیرکراتے ہیں، محسن نقوی کام کرنے والے ان 2500 افراد کولندن کی سیرکروائیں اور حوصلہ افزائی کریں۔
ان کا کہنا تھاکہ شہبازاسپیڈ ماضی کی بات ہے اب محسن اسپیڈکی بات کرتا ہوں، ہمارے کھلاڑیوں نے اعلیٰ کرکٹ کھیلی، پوری قوم کا دل جیتاہے، چیمپئز ٹرافی قومی کھلاڑیوں کی جیت کی منتظرہے، آپ چیمپئنزٹرافی جیت کرنہ صرف پوری قوم کے ہیروز ہونگے بلکہ ہمسائیہ ملک کوشکست دے کر24 کروڑ عوام کے دل جیتیں گے۔
شہباز شریف نے کھلاڑیوں سے کہا کہ دبئی کے پاک بھارت میچ میں مجھے بھی آپ ساتھ لے چلیں، شاہین آفریدی آپ اپنے سسر کی پیروی کریں اور وکٹوں کے انبار لگادیں، یہ ٹرافی اللہ تعالی پاکستان کی جھولی میں ڈالے گا۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ پاکستان میں معاشی استحکام آیا ہے، 29 سال بعد بہت بڑا ایونٹ ہورہا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب بہترین سکیورٹی فراہم کریں گی، شائقین کوبہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع ملے گا، ہمارے فاسٹ بولرز بھارتی بیٹرز کو ٹف ٹائم دیں گے۔









