ویب ڈیسک: قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے والے تحریک انصاف کے 9 سابق اراکین اسمبلی ضمنی الیکشن میں پھر قسمت آزمائیں گے۔
ضمنی انتخابات کے لئے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ شیڈول کے بعد پی ٹی آئی نے علی زیدی، آفتاب صدیقی، آفتاب جہانگیر، سیف الرحمان، عالمگیر خان، فہیم خان، اسلم خان، نجیب ہارون اور عطاءاللہ خان کو میدان میں اترنے کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اراکین کے استعفے سے خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی 31 نشستوں پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ قومی اسمبلی کی 31 نشستوں پر پولنگ 19 مارچ کو ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ضمنی انتخاب میں حصہ لینے والے امیدوار 10 سے 14 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں، 18 فروری تک کاغذات کی اسکروٹنی کر لی جائے گی۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ 2 مارچ کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور 19 مارچ 2023 کو قومی اسمبلی کی 31 نشستوں پر پولنگ ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 57 ، سیکشن 102 اور آئین کے آرٹیکل 224 کی ذیلی شق 4 کے تحت ضمنی انتخابات کا شیڈول دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جن 31 نشستوں کا شیڈول جاری کیا گیا ہے ان میں این اے-2 سوات ون، این اے-3 سوات 2، این اے-5 اپر دیرون، این اے-6 اپر دیرون، این اے-7 لوئردیر 2، این اے-8 مالاکنڈ اور این اے-9 بونیر شامل ہیں۔
قومی اسمبلی کی دیگر نشستوں میں این اے-16 ایبٹ آباد ٹو، این اے-19 صوابی ٹو، این اے-20 مردان ون، این اے-28 پشاور ٹو، این اے-30 پشاور فور، این اے-34 کرک، این اے-40 باجوڑ ون، این اے-42 مہمند، این اے-44 خیبرٹو شامل ہیں۔
دیگر نشستیں این اے-61 راولپنڈی 5، این اے-70 گجرات تھری، این اے-87 حافظ آباد ون، این اے-93 خوشاب ون، این اے-96 میانوالی ٹو، این اے-107 فیصل آباد 7، این اے-109فیصل آباد 9 ہیں۔ ضمنی انتخابات کے جاری شیڈول میں قومی اسمبلی کا حلقہ این اے-135 لاہور 13، این اے-150 خانیوال ون، این اے-152 خانیوال3، این اے-158 ملتان 5، این اے-164 وہاڑی تھری، این اے-165 وہاڑی 4، این اے-177 رحیم یارخان 3 اور این اے-187 لیہ ون کا حلقہ شامل ہے۔