ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما اسد عمر نے توہین عدالت کے معاملے پر عدالت سے معافی مانگ لی۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں توہین عدالت سے متعلق جاری نوٹس پر اسد عمر کے خلاف سماعت ہوئی۔جسٹس جواد حسن نے توہین عدالت نوٹس کیس کی سماعت کی، جس میں اسد عمر کو ذاتی حیثیت میں آج طلب کیا۔عدالت نے اسد عمر کی تقریر کی ویڈیو اور ٹرانسکرپٹ بھی طلب کیا، عدالت نے پی ٹی آئی سے توہین عدالت کے نوٹس کا جواب بھی طلب کیا۔
اسد عمر نے عدالت کے سامنے مؤقف اپنایا کہ میرا مقصد عدالتوں یا ججز کو نشانہ بنانا نہیں تھا۔جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس آپ کا ویڈیو بیان ہے، وہ چلانا نہیں چاہتے، ہم کو اچھے سے علم ہے آپ نے کیا کہا۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں نے آپ کو لانگ مارچ کی اجازت دی، آپ نے عدالتوں ہی کو نشانہ بنایا۔ اسد عمر نے کہا کہ میرے کسی بیان سے اگر کوئی لائن کراس ہوئی تو معافی مانگتا ہوں۔
واضح رہے کہ اسد عمر نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں پی ٹی آئی جلسے کے دوران تقریر میں ججز پر تنقید کی تھی۔