ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

حافظ نعیم کا9 اگست کو وزیر اعلیٰ پنجاب ہاوس کی جانب لانگ مارچ کا اعلان

حافظ نعیم کا9 اگست کو وزیر اعلیٰ پنجاب ہاوس کی جانب لانگ مارچ کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے پیٹرولیم لیوی فوری ختم کرنے اور پیٹرول کی قیمت 225 روپے فی لیٹر تک لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ 9 اگست کو لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ اور چاروں صوبوں میں احتجاجی دھرنے دیے جائیں گے۔

لاہور میں فیروزپور روڈ کے قرطبہ چوک پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ملک کو اس وقت سب سے زیادہ قومی یکجہتی کی ضرورت ہے اور حکومت واضح اعلان کرے کہ وہ مزید عوام پر بوجھ نہیں ڈالے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایران۔امریکہ جنگ کو جواز بنا کر عوام پر "پیٹرول بم" گرایا گیا، جبکہ پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکس کسی صورت قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت لیوی کی مد میں 8 ہزار ارب روپے سے زائد وصول کر چکی ہے، مگر ریفائنریز کی بہتری پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ غریب، مزدور، کسان، رکشہ ڈرائیور اور طلبہ پر مزید بوجھ ڈالنا قابل قبول نہیں۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف کو جواز بنانا چھوڑ دے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کرے۔ ان کے بقول آج عام آدمی کی تنخواہ سے زیادہ بجلی کا بل آ رہا ہے، اس لیے پیٹرول، بجلی، آٹا اور چینی کی قیمتوں میں کمی ناگزیر ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ موجودہ احتجاج تحریک کا آغاز ہے، جبکہ اتوار کو دوبارہ عوام سڑکوں پر نکلیں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 9 اگست کو لاہور میں وزیراعلیٰ ہاؤس کی جانب مارچ کیا جائے گا، جبکہ اسی روز چاروں صوبوں میں تاریخی دھرنے بھی دیے جائیں گے۔