سٹی 42: وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے) میں ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کا 12واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک بھر میں مون سون کی موجودہ صورتحال، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ، ڈیموں کی صورتحال اور آئندہ موسم کی پیش گوئی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی، جبکہ وفاقی وزراء، چیئرمین این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، محکمہ موسمیات اور متعلقہ وفاقی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبائی حکام نے ریسکیو وسائل، ہنگامی ذخائر، انخلا کے منصوبوں، ضلعی انتظامیہ سے رابطوں اور متاثرہ اضلاع میں جاری تیاریوں پر بریفنگ دی۔
شرکا نے بروقت وارننگز کے اجرا، امدادی وسائل کی پیشگی دستیابی، مواصلاتی نظام کو ہر صورت فعال رکھنے اور تمام رسپانس اداروں کی مکمل تیاری یقینی بنانے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطوں کو مزید مؤثر بنائیں اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی حفاظتی اور رسپانس اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔