ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس، متعدد اہم ہدایات جاری

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرِ صدارت اجلاس، متعدد اہم ہدایات جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

رائو دلشاد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) سے متعلق ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ہے۔ اجلاس میں پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی، جبکہ مختلف ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ بھی دی گئی۔

وزیراعلیٰ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اس کی جامع کیس اسٹڈی تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔ انہوں نے سیوریج اور ڈرینیج منصوبوں پر امپیکٹ اسٹڈی رپورٹ طلب کی، جبکہ پی ڈی پی کے حوالے سے عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

اجلاس میں وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیر والا، چک جھمرہ، بھلوال، اٹک، کمالیہ، لیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی سمیت متعدد شہروں میں جاری پی ڈی پی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ کے منصوبوں پر بھی پیش رفت رپورٹ پیش کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ 29 شہروں میں انڈرگراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 21 شہروں میں ان کی تعمیر جاری ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے سیوریج سسٹم کی بدولت نکاسی آب کی صورتحال میں واضح بہتری آئی ہے۔

مریم نواز شریف نے مون سون سیزن ختم ہوتے ہی پنجاب کے تمام شہروں میں خستہ حال اور مخدوش عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت بھی جاری کی تاکہ ممکنہ حادثات سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات کیے جا سکیں۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔ انہوں نے کہا کہ باغبانپورہ سانحے کے دوران ڈی سی لاہور آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک مسلسل 27 گھنٹے موقع پر موجود رہے۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب کی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی قابل تعریف قرار دیا۔