ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے؛ وزیراعظم

تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے؛ وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں آبادی کے بڑھنے کی سالانہ شرح 2.55 فیصد ہے، تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی کی ترقی اور انکو اپنی معیشت کا فعال حصہ بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی اور اس کے حوالے سے مسائل کے حل کے لئے  اقدامات کا جائزہ لیاگیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ملکی آبادی کا  بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، نوجوان ہمارے ملک کا انتہائی اہم اور قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ملکی معیشت کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے متعدد اقدامات لیے جا رہے ہیں۔ 

شہباز شریف نے کہا کہ خواتین ہماری افرادی قوت کا بہت بڑا حصہ ہیں، خواتین کو ملازمت کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات لیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور انکے مسائل سے نمٹنے کے لیے صوبوں کے تعاون سے مؤثر حکمت عملی تشکیل دی جائے، اس حوالے سے قومی سطح کی پالیسی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 

وزیراعظم نے مؤثر پالیسی اور حکمت عملی بنانے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے بڑھتی آبادی اور  مسائل سے نمٹنے کےلیے صوبوں کے تعاون سے مؤثر حکمت عملی بنانے کی بھی ہدایت کردی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو اس حوالے مختلف گزارشات پیش کی گئیں۔ ساتھ ہی بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبوں کے تعاون سے بڑھتی ہوئی آبادی اور اسکے مسائل پر قابو پانے کے لیے ایک قومی سطح کی پالیسی کی ضرورت ہے، معاشی ترقی کے تناظر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے لیے عوام میں قومی سطح پر آگاہی مہم چلانا ناگزیر ہے۔ 

اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر احسن اقبال، وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف،  وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک تھے۔