ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اے این پی کا پی ڈی ایم چھوڑنے کا اعلان

ANP
کیپشن: ANP
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) اپوزیشن کے 10 جماعتی اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ  ( پی ڈی ایم) میں شامل عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی) نے اتحاد  سے علیحدگی کا اعلان کردیا۔

پی ڈی ایم کے اے این پی کو نوٹس کے معاملے پر پارٹی قیادت کا اہم اجلاس پشاور میں ہوا جس میں شوکاز نوٹس پر مشاورت کی گئی، بعد ازاں پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینیئر نائب صدر امیرحیدر خان ہوتی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مخصوص جماعتیں پی ڈی ایم کو ہائی جیک کر چکی ہیں، میں بطور نائب صدر اے این پی، پی ڈی ایم سے نکلنے کا اعلان کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کسی جماعت یا فرد کو اختیار نہیں کہ وہ اے این پی کو شوکاز نوٹس دے، ہم وضاحت کیلئے تیار تھے لیکن اجلاس نہیں بلایا گیا، پنجاب میں بلا مقابلہ جیتنے پر بھی وضاحت ہونی چاہیے تھی، لاڑکانہ میں جے یو آئی اور پی ٹی آئی میں اتحاد ہوگیا ہے تو اس پر بھی وضاحت ہونی چاہیے تھی۔

امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ اس شوکاز کا واضح مطلب ہے کہ یہ ہماری ساکھ کو متاثر کرنا چاہ رہے ہیں، واضح ہے کہ ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے، کیا جلدی تھی اس نوٹس کی؟ مولانا کے صحتیاب ہونے کا انتظار کرتے اور بعد میں اجلاس بلالیتے، یہ واضح ہے کہ کچھ جماعتیں اپنے مقاصد کیلئے پی ڈی ایم کو استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

سینیئر نائب صدر نے کہا کہ طویل مشاورت کے بعد اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ذاتی ایجنڈے کی حصول کیلئے پی ڈی ایم کو استعمال کیا جارہا ہے، جنہوں نے شوکاز نوٹس دیا، انہوں نے خود ہی پی ڈی ایم کے خاتمے کا اعلان کردیا۔

امیر حیدر خان ہوتی نے مزید کہا کہ میں نائب صدر اور میاں افتخار  نے ترجمان اور دیگر رہنماؤں نے پی ڈی ایم کے عہدے چھوڑ دیئے ہیں، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھاکہ ہمارے سینیٹرز نے پارٹی صدر کی اجازت سے پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دیا۔

مسلم لیگ (ن ) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے عوامی نیشنل پارٹی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اے این پی نے جمہوریت کے لیے طویل قربانیاں دی ہیں، پی ڈی ایم کا اتحاد بڑے مقصد کے لیے ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer