(سعید احمد) ریلوے پولیس کی تنخواہ میں اضافے کا معاملہ، آئی جی ریلوے پولیس نے ممبر فنانس کو وضاحتی خط ارسال کر دیا، خط میں ریلوے پولیس اہلکاروں کی مراعات اور تنخواہ میں اضافے کی سفارشات کر دیں۔
آئی جی ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے خط میں ریلوے پولیس اہلکاروں کی خدمات پر روشنی ڈالی گئی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران دہشت گردی کے مختلف واقعات ہوئے، ریلوے ٹریک پہ 42 بم دھماکے، ریلوے سٹشن پہ 2 دھماکے ہوئے جبکہ ریلوے پٹری پر دھماکوں کے17 واقعات ہوئے، ان واقعات میں 1 اے ایس آئی اور 5 کانسٹیبل نے جام شہادت نوش کیا، ریلوے اہلکاروں کے جذبہ شجاعت کے اعتراف میں چار قائد اعظم پولیس میڈل اور پریزیڈنٹ پولیس میڈل سے نوازا گیا۔
ریلوے پولیس مسافروں کی حفاظت کے لیے دہشت گرد عناصر سے پورا مقابلہ کر رہی ہے، ان سب کے برعکس تنخواہ میں کمی اور سہولیات کے فقدان سے ریلوے پولیس اہلکار دیگر فورسز میں تبادلے کی کوشش کرتے ہیں، شاندار تنخواہ اور مراعات نہ ہونے کے باعث ریلوے پولیس میں اہلکاروں کی کمی کو پورا نہیں کیا جا رہا، کم تنخواہ پہ لمبی ڈیوٹی سے اہلکاروں کی صلاحیت متاثر ہو رہی ہے، لہذا ان مسائل کی روشنی میں ریلوے پولیس کی تنخواہ بڑھائی جائے، تاکہ پولیس اہلکاروں کا مورال بلند ہو سکے۔