ویب ڈیسک : یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے نیا نغمہ ’’اللہ ہو‘‘ جاری کردیا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری کیا گیا یہ نغمہ معروف گلوکار ساحر علی بگا کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے، جس میں تینوں مسلح افواج کی یکجہتی اور وطن سے بے مثال وفا کی عظیم داستان نظر آتی ہے، نغمے میں ’’اللہ ہو‘‘ کی گونج دشمن کو للکار اور وطن سے محبت کا پیغام ہے۔
نغمے میں پاک افواج کی بہادری اور پاکستانی قوم کے جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہے، اس میں پاکستان کی مسلح افواج کے دفاعِ وطن کی شاندار عکاسی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ نغمے میں بہادری، قربانی اور وطن کے وقار کا دلکش امتزاج شامل ہے، نغمہ میں سرحدوں کے محافظ پاک فوج کے جانبازوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
اس نغمے میں آسمانوں کی نگہبان پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرأت مندانہ کردار کو اجاگر کیا گیا ہے، نغمے میں ملکی بحری سرحدوں کی پاسبان پاک بحریہ کے شاندار کارناموں کو سراہا گیا ہے۔