(مانیٹرنگ ڈیسک) رواں سال ملک میں مہنگائی کی شرح 25 سے 27 فیصد رہنے کا خدشہ ہے، سیلاب سے ملکی معیشت کو 2 ہزار ارب روپے سے زائد کا دھچکا لگا ۔
وزارت خزانہ کے مطابق سیلاب ہی کی وجہ سے معاشی شرح نمو کا 3.5 فیصد کا ہدف حاصل نہیں ہو سکے گا، شرح نمو کا ہدف کم کرکے2.3 فیصد کردیا گیا،اہم فصلوں کا ہدف 3.9 سے کم ہوکر 0.7 فیصد رہنے کا امکان ہے، ادائیگیوں کے توازن اور قرضوں کے بوجھ تلے دبی ملکی معیشت سیلاب سے مزید تباہ ہوگئی، سنبھالنے کیلئے دوست ملکوں سے تعاون چاہیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف سے قرضے کی منظوری کے باجود پاکستان کی مشکلات کم نہیں ہوئیں, بارشوں اور سیلاب سے اہم شعبوں کی پیداوار میں نمایاں کمی سے ملکی برآمدات بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے، برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے باعث تجارتی خسارہ 3 ارب ڈالر بڑھنے کا امکان ہے.