عمر اسلم :پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ آج کا دن، عظیم ماؤں اور ان کے لیفٹینینٹ ناصر خالد شہید جیسے بہادر بیٹوں کے نام ہے۔
مریم نواز نے یوم دفاع کے موقع پر آج کے دن کو شہداء اور ان کی عظیم ماؤں کے نام کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بہادر بیٹوں نے وطن کی مٹی کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
آج کا دن، عظیم ماوں اور ان کے لیفٹینینٹ ناصر خالد شہید جیسے بہادر بیٹوں کے نام جنہوں نے وطن کی مٹی کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور اس وطن پر آنچ نا آنے دی۔ آپ زندہ ہو اور زندہ رہو گے۔ ہم سب کا آپ کو سلام ????????#6September pic.twitter.com/esRDkWOyJZ
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) September 6, 2020
مریم نواز نے کہا ہے کہ شہیدوں نے اس وطن پر آنچ نہ آنے دی، آپ زندہ ہو اور زندہ رہو گے ہم سب کا آپ کو سلام۔
واضح رہے کہ پاکستانی قوم آج یوم دفاع بھرپور عزم کے ساتھ منا رہی ہے، پاک فوج نے یومِ دفاع اور شہدا کی مناسبت سے شہدائے پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے اور دفاع وطن کا عزم کیا ہے۔
یاد رہے 6 ستمبر ملکی تاریخ کا اہم ترین دن ہے، جو ستمبر 1965 کی جنگ کے ان دنوں کی یاد دلاتا ہے جب پاک افواج کے بہادر سپوتوں نے اپنے دشمن کو ناکوں چنے چبوائے تھے، جس دن پاکستان کے شہیدوں،جری جوانوں نے اپنی کارکردگی سے تاریخ کے سنہرے صفحات پر اپنا نام رقم کیا، آج یوم دفاع کے موقع پر مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس دن کی مناسبت سے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہداء پر یوم دفاع کی تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ پڑھی، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے مزار پر گارڈ زکی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں۔