علی عباس: پنجاب میں لیگی دورحکومت میں ایک ارب سے زائد لاگت کے منصوبوں پر مزید انکوائری شروع، وفاقی حکومت نے پنجاب سے دوہزار آٹھ سے دو ہزار اٹھارہ تک ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے منصوبوں کی تفصیلات طلب کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاق میں سابق دور حکومت میں لیے گئے قرضوں کے بعد اب پنجاب میں سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے دورمیں میگا منصوبوں کی انکوائری شروع ہو چکی ہے، اس سلسلے میں وفاق نے محکمہ پی اینڈ ڈی بورڈ اور محکمہ خزانہ سے مذکورہ منصوبوں کی تفصیلات طلب کرلی ہیں۔
ان منصوبوں کی منظوری اور ان کی ترامیم میں فنڈز کےاضافے کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں، سابق دور حکومت میں میگا منصوبوں کے دیئے گئے ٹھیکوں پر بھی تفصیلات مانگ لی گئیں، پی اینڈ ڈی بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ جلد وفاق کو میگا منصوبوں کی مکمل فہرست ارسال کردی جائےگی۔