ویب ڈیسک : وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی معیشت کے حوالے سے بلومبرگ کی رپورٹ کو اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کا یہ سفر اب رکے گا نہیں۔
وزیراعظم نے پاکستانی معیشت کے حوالے سے بلوم برگ کی حالیہ مثبت رپورٹ کا خیر مقدم کیا۔ شہبازشریف نے کہا کہ عالمی جریدے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے کریڈٹ ڈیفالٹ سواپ میں مضمر ڈیفالٹ امکانات میں 2200 بیسز پوائنٹس کی کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سی ڈی ایس کی قیمت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، یہ اس بات کا عکاس ہے کہ پاکستانی معیشت میں عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہو رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی درجہ بندی میں ابھرتی معیشتوں میں اس وقت ترکیہ کے بعد پاکستان دوسرا ملک ہے، یہ ہماری معیشت کے لیے اچھی خبر ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت کے اختتام پر ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا، بلوم برگ کی یہ رپورٹ ہمارے لیے ایک انتہائی اہم سنگ میل ہے اور ہماری ترقی کے سفر کی مظہر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتی کوششوں، پاکستانی اور عالمی کاروباری برادری کے تعاون سے ترقی کا وعدہ پورا ہوتا نظر آرہا ہے، اب یہ ترقی کا سفر ہرگز نہیں رکے گا۔