سٹی42: دنیا بھر میں فضائی آلودگی کے خطرناک اثرات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے سبب جنوبی ایشیا کے بڑے شہر مسلسل آلودگی کی زد میں ہیں۔ پاکستان کے بڑے شہر لاہور اور کراچی بھی فضائی آلودگی کے بحران سے شدید متاثر ہیں۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں جبکہ کراچی دسویں نمبر پر آ گیا ہے، دونوں شہروں کی فضا انسانی صحت کے لیے مضر قرار دی گئی ہے۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں لاہور پانچویں نمبر پر آ گیا ہے۔ فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 181 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 176 رہا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں آلودگی کی صورتحال سنگین دیکھی گئی ہے۔ برکی روڈ پر اے کیو آئی 228، علامہ اقبال ٹاؤن میں 227، ایف ایف پاکستان کے اطراف 223، گلبرگ (سی ای آر پی) میں 221، سول سیکرٹریٹ کے علاقے میں 217، ڈی سی آفس لوئر مال کے اطراف 213، جی سی یونیورسٹی کینال روڈ پر 208، ڈی ایچ اے فیز 5 میں 204 اور بیدیاں روڈ پر 200 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 13 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔ شہر میں 8 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 64 فیصد ہے۔
ماحولیاتی ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
رپورٹس کے مطابق رات گئے انفورسمنٹ ٹیمیں سڑکوں سے غائب رہیں، ہیوی ٹریفک دھواں چھوڑتی رہی اور ٹریفک وارڈنز کی عدم موجودگی کے باعث شہر کی فضا مزید خراب ہوئی۔
دوسری جانب کراچی کا فضائی معیار بدستور مضرِ صحت ہے۔ دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں کراچی 10ویں جبکہ پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پانچویں نمبر پر ہے۔ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر کی فضا میں آلودہ ذرات کی مقدار 159 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور ہلکی خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 37 فیصد ریکارڈ کیا گیا اور شمال مشرقی سمت سے 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں۔
ماحولیاتی ماہرین کے مطابق شہری غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں اور گھر سے باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال ضرور کریں۔