یاسر عرفات: نارووال میں ٹک ٹاک کا جنون بچوں میں بھی خطرناک حد تک بڑھنے لگا، بدومہلی ریلوے اسٹیشن پر ایک 10 سالہ بچہ ریلوے ٹریک عبور کرتے ہوئے تیز رفتار ٹرین کے انجن سے بال بال بچ گیا۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ بدومہلی ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا جہاں ایک کمسن بچہ ریلوے لائن عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا اس دوران پیچھے سے تیز رفتار ٹرین آتی دکھائی دی لیکن بچہ انجن کے بالکل قریب سے گزر کر معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں بچے کی جان لیوا حرکت کو واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے۔
شہریوں نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور انہیں اس طرح کے خطرناک اور جان لیوا اقدامات سے روکیں جو صرف چند لمحوں کی ویڈیو کے لیے اپنی زندگی کو داؤ پر لگا دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں بچوں اور نوجوانوں کے درمیان ٹک ٹاک ویڈیوز کے لیے خطرناک اسٹنٹس کرنے کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے جس کے باعث کئی جانیں ضائع بھی ہو چکی ہیں۔