پنجاب پولیس کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے لگی

 پنجاب پولیس کورونا وائرس سے شدید متاثر ہونے لگی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(علی ساہی) پنجاب پولیس میں بھی کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی، لاہور سمیت پنجاب بھر میں 59 اہلکاروں میں کورونا وائرس کی تصدیق جبکہ 105 اہلکاروں کو قرنطینہ منتقل کردیا گیا، آئی جی پنجاب نے اہم مقامات پر ڈیوٹیاں دینے والے اہلکاروں کا  صوبہ بھر میں ٹیسٹ کروانے کا حکم دیدیا۔

کورونا کیخلاف فرنٹ لائن پرلڑنے والی پنجاب پولیس بھی کورونا کی زد میں آگئی، پولیس میں ٹیسٹنگ کا عمل تیزکردیا گیا ہے،ایڈیشنل آئی جی آپریشنزپنجاب انعام غنی کے مطابق لاہورسمیت پنجاب بھر سے 2ہزار 713 ملازمین کے ٹیسٹ کروائے جاچکے ہیں، اب تک موصول ہونیوالے نتائج میں 59کے مثبت جبکہ 105کو قرنطینہ میں منتقل کیا گیا ہے اور 2 ہزار  126کے نتائج آنا ابھی باقی ہیں، سب سے زیادہ تعدادلاہورکی ہے، جہاں 32افسران و اہلکارمتاثرہوئے ہیں، متاثر ہونیوالوں میں زیادہ تر تعداد کورونا کے حوالے سے مختلف مقامات پر ڈیوٹیاں کرنیوالوں کی ہے ۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیرنےبڑھتے ہوئے کورونا کیسز کا نوٹس لیتے ہوئے قرنطینہ سنٹرز،احساس پروگرامزاور ناکوں پرڈیوٹی دینے والوں کے فوری ٹیسٹ کروانے کا حکم دیا ہے ،تمام متعلقہ آر پی اوز اور ڈی پی اوزکوزیرعلاج اہلکاروں کا خصوصی خیال رکھنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں ۔

 دوسری جانب آئی جی پنجاب کے حکم پر ڈی آئی جی ویلفیئر نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے حوالے سے ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے اہلکاروں و افسران کے لیے حفاظتی سامان کا استعمال یقینی بنانے کے لیے ڈیمانڈ کا مراسلہ بھجوایا ہے، مراسلے میں ہدایت جاری کی گئی ہے کہ تمام اضلاع و یونٹس حفاظتی سامان ویلفیئر فنڈز سے خریدیں، جن اضلاع و یونٹس کے پاس ویلفیئر فنڈز نہیں وہ تمام تفصیلات آئی جی آفس کو بھجوائیں، ان کو  آئی جی آفس کے ویلفیئر فنڈز سے سامان مہیا کیا جائےگا، جبکہ سامان کی خریداری کے لیے فنڈز بھی جاری کیے جائیں گے۔

واضح رہےکہ کورونا وائرس پاکستان میں تیزی سے پھیل رہا ہے، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہورہے ہیں، پاکستان میں اب تک مہلک وائرس 514 افراد کی جانیں نگل چکا اور 22 ہزار 49 افراد کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے، کورونا سے سب سے زیادہ صوبہ پنجاب متاثر ہوا، جہاں کورونا وائرس سے 8ہزار133 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 144 افراد موت کے منہ میں چلے گئے۔

Sughra Afzal

Content Writer