ارشاد قریشی : ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف مری روڈ پر جماعت اسلامی کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں موجود شرکاء نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف نعرے بازی کی ۔
امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی عارف شیرازی نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے دنیا کو جنگوں کے جال میں پھنسا دیا ہے، خطے میں امریکہ اور اسرائیل کی پالیسیوں سے مسلم ممالک عدم استحکام کا شکار ہیں، ایران پر حملے کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مختلف ممالک میں حملے کر کے مسلم ممالک کو آپس میں لڑانے کی کوشش کر رہا ہے۔
عارف شیرازی نے کہا کہ ایران کی قیادت کو ختم کرنے کی سازش ناکام ہوئی، ایرانی قوم متحد ہو گئی۔ امریکہ اور اسرائیل نے عراق، افغانستان، لیبیا اور شام کو تباہ کیا۔ اگر ایران کی حکومت ختم ہوئی تو خطرہ پاکستان کی سرحدوں تک پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی جنگ کے خطرات پاکستان کی سرحدوں تک آ رہے ہیں، حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ پاکستان کو خطے میں امن کے قیام کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔ ہم حکومت اور مسلح افواج سے ایران کی حمایت کی اپیل کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ صورتحال میں پاکستان میں شیعہ سنی اتحاد مضبوط ہو رہا ہے۔ رمضان کے بعد اسرائیل اور امریکہ کے خلاف بڑی احتجاجی کال دی جائے گی۔ فلسطین کی طرح ایران کے حق میں بھی قوم سڑکوں پر نکلے گی۔
’’عالم اسلام کے حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک‘‘
امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی کال پر ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ شہر شہر، گاؤں گاؤں امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل اور بھارت عالم اسلام کے خلاف اتحاد بنا چکے ہیں۔ دو سال سے فلسطین میں نہتے مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے، اسرائیل نے غزہ میں کارپٹ بمباری کی، ہزاروں فلسطینی شہید ہوئے۔
ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ امریکہ اسرائیل کو مسلسل پشت پناہی فراہم کر رہا ہے، ایران پر حملے کے بعد خطے کی صورتحال مزید کشیدہ ہو گئی، ایران کی قیادت کی شہادت کے باوجود ایرانی قوم ڈٹ کر کھڑی ہے، دنیا نے پہلی بار دیکھا کہ اسرائیل پر بھی میزائل گرے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے جنگ بندی کرائی مگر اس کے پیچھے بدنیتی تھی، امریکہ خطے میں ریجیم چینج کی سازش کر رہا ہے۔
ایرانی عوام اپنی قیادت اور ملک کے دفاع کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ عالم اسلام کے حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے، جب فلسطین پر بمباری ہو رہی تھی تو مسلم حکمران خاموش تھے، تاریخ گواہ ہے کہ سپر پاورز کو بھی شکست ہو سکتی ہے، افغانستان میں روس کو شکست ہوئی، سپر پاور بھی ناکام ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے ثابت کیا کہ وہ دباؤ کے باوجود کھڑا رہ سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان زندہ رہے گا، ایران زندہ رہے گا، امت مسلمہ زندہ رہے گی۔ حکومتِ پاکستان کو عالمی دباؤ کے آگے جھکنا نہیں چاہیے، عالم اسلام کو امریکہ اور اسرائیل کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔