ثمرہ فاطمہ: سورج کی تیز کرنوں کے باعث شہر کا درجہ حرارت بڑھ گیا جبکہ فضائی آلودگی بھی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے، شہر میں تقریباً تین کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جبکہ سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ آئندہ چند روز میں درجہ حرارت مزید بڑھنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
دوسری جانب شہر میں فضائی آلودگی کی مجموعی شرح 424 تک جا پہنچی ہے جس کے باعث لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے۔
مختلف علاقوں میں فضائی آلودگی کی شرح بھی تشویشناک رہی، جن میں چمن پارک میں 590، گلبرگ ٹو میں 571، ماڈل ٹاؤن میں 565 جبکہ کینٹ کے علاقے میں 329 ریکارڈ کی گئی۔ اسی طرح ڈی ایچ اے فیز فائیو میں 324، اقبال ٹاؤن میں 320، برکی روڈ پر 281 اور بیدیاں روڈ پر آلودگی کی شرح 278 ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 6 تا 11 مارچ کے دوران بالائی علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ میدانی علاقوں میں موسم خشک اور درجہ حرارت میں اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں دو مرحلوں میں بارش کی توقع ہے پہلے مرحلے میں 6 سے 7 مارچ اور دوسرے مرحلے میں 9 تا 11 مارچ، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں 10 اور 11 مارچ کو بارش کا امکان ہے۔
ایک طرف جہاں بالائی علاقوں میں بادل برسیں گے، وہیں میدانی علاقوں میں سورج آگ برسائے گا۔
پنجاب، اسلام آباد، خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہنے کا امکان ہے۔
سندھ اور جنوبی بلوچستان میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگا اور درجہ حرارت معمول سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے۔