فاران یامین:شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر پولیس نے سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے سخت چیکنگ کا عمل جاری رکھا۔ پولیس کے موبائل سکواڈ نے گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 97 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں 16 اشتہاری مجرمان، 6 عدالتی مفرور اور 7 عادی ملزمان شامل ہیں۔ ملزمان کو چیکنگ کے دوران ای پولیس ایپ کی مدد سے شناخت کرکے گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ اپنی شناخت چھپانے یا مشکوک حرکات میں ملوث ہونے پر مزید 48 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
پولیس کی جانب سے ای پولیس ایپ کے ذریعے 27 ہزار 816 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر 3 ہزار 388 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بھی چیکنگ کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کارروائیاں اور چیکنگ کا عمل مسلسل جاری رہے گا۔