ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

کوہ سلیمان میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، اہم کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک

کوہ سلیمان میں سی ٹی ڈی کا آپریشن، اہم کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری: محکمہ انسداد دہشت گردی ( سی ٹی ڈی) پنجاب نے کوہ سلیمان کے پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاعات پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کے تبادلے میں ایک اہم کمانڈر سمیت 2 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی پنجاب کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے تھا۔ کارروائی مصدقہ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جن کے مطابق تمن قیصرانی کے قبائلی علاقے میں 12 سے 15 مسلح دہشت گرد موجود تھے۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد تحصیل کوہ سلیمان، وہوا اور تونسہ کے مختلف آباد علاقوں میں تخریب کاری کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ جدید ہتھیاروں، نگرانی کے آلات اور ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے لگایا گیا۔

ترجمان کے مطابق جنڈوگا کے قریب دشوار گزار پہاڑی علاقے میں رات بھر خفیہ نگرانی کے بعد آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں اور سی ٹی ڈی اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 2 زخمی دہشت گرد اپنے ساتھیوں کی مدد سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں وسیع پیمانے پر سرچ اور سویپ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز علاقے میں مزید کارروائیوں کے لیے ہائی الرٹ ہیں۔