سٹی 42 : پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 8 سے 11 جون کے دوران گرمی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 8 جون سے بالائی فضا میں ہوا کا دباو بڑھنے کا امکان جو 11 جون تک برقرار رہے گا، جس کے باعث بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری بڑھنے کا امکان ہے۔ اس دوران ڈی آئی خان، ٹانک، بنوں، کرک اور لکی مروت میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، ہری پور اور کوہاٹ میں درجہ حرارت 41 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے، جبکہ اس دوران جنوبی و وسطی علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی.
پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات سے متعلق الرٹ جاری کردیا ۔ ساتھ ہی متعلقہ اداروں کو ہیٹ اسٹروک سینٹرز، کولنگ پوائنٹس اور موبائل کولنگ یونٹس قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی ہے ۔ ہسپتالوں میں طبی عملہ اور سہولیات کو فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث گرد و غبار اور تیز ہواؤں کا بھی خدشہ، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں. گرمی اور خشک موسمی حالات سے ہیٹ اسٹروک اور آبی ذخائر پر پانی کے دباؤ کا بھی امکان ہے ۔ اس کے علاوہ گرمی کی شدت سے بالائی علاقوں میں برف پگھلنے کی رفتار میں اضافہ ممکن ہے۔
عوام کو غیر ضروری طور پر سورج کی روشنی سے بچنے اور پانی کا استعمال بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔